ماڈل و گلوکارہ ایان علی نے طویل عرصے بعد اپنی نئی تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کر دی۔ رپورٹ کے مطابق اس تصویر میں ایان علی نے سفید اور سرخ رنگ کا عروسی جوڑا زیب تن کر رکھا ہے، جس کے کیپشن میں وہ ایک شعر لکھتی ہیں ’’ہم کو مٹا سکے یہ زمانے میں دم نہیں، ہم سے زمانہ خود ہے، زمانے سے ہم نہیں‘‘
رواں سال 11مارچ کو ایان علی نے اپنے ’ایکس‘ اکائونٹ پر بھی طویل عرصے بعد اس وقت ایک پوسٹ کی جب پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دوسری بار صدر مملکت کا حلف اٹھایا۔ اپنی پوسٹ میں ایان علی نے آصف زرداری کو ’مسٹر پریزیڈنٹ کہہ کر مخاطب کیا اور انہیں گڈ مارننگ کہا۔ پوسٹ میں ایان علی نے صدر آصف علی زرداری کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’آصف علی زرداری ایک بار پھر سربراہ مملکت بن گئے ہیں اور ہم سب انہیں پیار کرتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ ایان علی کو 14مارچ 2015ء کو اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 50لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم متحدہ عرب امارات سمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس مقدمے میں وہ 4ماہ تک قید رہیں اور دو سال تک عدالت میں پیش ہوتی رہیں۔ 2017ء میں ملک کی اعلیٰ ترین عدالت نے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جس کے بعد وہ بیرون ملک چلی گئی۔ عدالت کی طرف سے 2020ء میں اس مقدمے کا فیصلہ بھی ایان علی کے حق میں سنایا گیا تھا۔
Load/Hide Comments