گوادر میں شرپسندوں کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی شبیر بلوچ کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپاہی شبیر بلوچ شہید کی نمازِ جنازہ گوادر میں ادا کی گئی جس میں وزیرِ داخلہ بلوچستان، پاک فوج کے افسران، جوانوں، سِول اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ کے بعد شہید کے جسدِ خاکی کو آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا جہاں شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان پاک فوج کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ گوادر میں پرتشدد ہجوم نے سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر حملہ کردیا تھا جس سے ایک سپاہی شہید ہوگیا تھا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اشتعال انگیزی کے باوجود سویلینز کی ہلاکتوں سے بچنے کےلئے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments