گلگت بلتستان میں بھی سیلاب نے تباہی مچا دی

ملک کے دیگر علاقوں کی طرح گلگت بلتستان میں بھی سیلاب نے تباہی مچا دی، ہنزہ، گو جال، استور، غذر شدید متاثر ہوئے ہیں، گاؤں پکورہ کشنوٹ میں بینک سمیت20 سے زائد گھر تباہ ہو گئے، ہنزہ میں ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، ہنزہ اور نگر کے درمیان مختلف مقامات پر سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے سے سینکڑوں سیاح پھنس گئے۔دوسری جانب بلوچستان میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، قلعہ عبداللہ، پشین اور زیارت میں سیلابی ریلوں سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، چمن میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ سولر پینل اڑ گئے۔کوہلو میں2 روز سے جاری بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، بارش کے پانی سے کچے مکانات گر گئے، کوہلو سبی شاہراہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے اور لینڈ سلائیڈنگ سے تیسرے روز بھی ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔نو شکی میں گزشتہ روز بارش سے بند ہونے والی قومی شاہراہ این40 تاحال بحال نہ ہو سکی، بولان قومی شاہراہ زیر آب آنے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں، آواران تا جاؤ شاہراہ بھی سیلابی پانی کی وجہ سے بند ہے جبکہ کشینگی میں ریلوے ٹریک سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں