وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہمیں بلوچستان میں حملہ کرنے والے اور ان کے پیچھے موجود ہاتھ کا پتہ ہے،لیڈرشپ نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشتگردوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا،اس حوالے سے بلوچستان حکومت سے رابطے میں ہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہمارے 14 جوان شہید ہوئے ہیں ،ہم نے 21 دہشتگردوں کو ہلاک کیا ،جس طریقے سے انہوں نے یہ پلان کیا تھا ان کےعزائم کچھ اور تھے لیکن ہمارے جوانوں نے ان کے عزائم کو ناکام کیا،وزیراعلیٰ بلوچستان مسلسل رابطے میں ہیں امید ہے جس طرح کی وہ حکمت عملی بنارہے ہیں بہت جلد نتیجہ ملے گا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا ہے کہ دہشتگردوں کا پورا بندوبست ہوگا،حملے کرنے والے ناراض بلوچ نہیں دہشتگرد ہیں،دہشتگردوں کو ان کی طرح ہی جواب دینگے، ناراض بلوچوں کو منائیں گے، لیکن دہشتگردوں سے کوئی بات نہیں ہوگی۔
