حکومت پنجاب نے صوبے کے 15 اسپتالوں میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے نفاذ سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس دوران پنجاب کے 15 اسپتالوں میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
لاہور کے جناح، چلڈرن، میو، سروسز اور جنرل اسپتال میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا مرحلہ وار نفاذکیا جائےگا۔ اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور اور رحیم یارخان کےاسپتالوں میں بھی یہ سسٹم نافذ ہو گا جو اسپتالوں کی اوپی ڈی، پتھالوجی، ریڈیالوجی اور فارمیسی میں رائج کیا جائے گا۔
مزید برآں ایچ ایم آئی ایس کے ذریعے مریض کےٹیسٹ، تشخیص اورادویات کا ریکارڈ سینٹرلائزڈ سسٹم پر اپ لوڈہوگاجس سے مریضوں کوبہتراورتیز ترین علاج کی سہولت میسر ہوگی۔