حال ہی میں امریکی محققین نے ٹوسٹر سے تھوڑے بڑے سائز کی مشین بنائی ہے جو منٹوں میں ہوا میں کورونا وائرس کی موجودگی کا پتہ لگا سکتی ہے۔ محققین نے رواں ماہ نیچر کمیونیکیشنز نامی جریدے میں اس ایجاد کے بارے میں تفصیلاً ذکر کیا جو فی لیٹر ہوا میں سات سے 35 وائرل ذرات کا پتہ لگانے میں صرف پانچ منٹ لگاتی ہے۔ سینٹ لوئس میں واشنگٹن یونیورسٹی کے ایروسول سائنس دان راجن چکرابرتی نے کہا کہ یہ پی سی ناسل سواب کے ٹیسٹ کی طرح حساس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے تین سال تک نان اسٹاپ کام کیا تاکہ ایسا آلہ بنایا جا سکے۔ ہوا سے وائرس کے نمونے لینے کے دوران ایک اہم چیلنج وائرس کے ذرات کو قابل شناخت سطحوں پر مرکوز رکھنا ہوتا ہے جس کے لیے ہوا کی بڑی مقدار درکار ہوتی ہے۔ یہ ڈیوائس ہر منٹ میں 1000 لیٹر ہوا کھینچنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
راجن چکرابرتی نے بتایا کہ وائرس کو پکڑنے کے لیے ہم ڈیوائس کے اندر ایک مصنوعی طوفان بناتے ہیں۔ تیز رفتاری سے مائع گھومتا ہے جس سے وائرس طوفان کی دیواروں میں پھنس جاتے ہیں اور تجزیہ کے لیے مرتکز ہو جاتے ہیں۔ پھر یہ وائرس آلے کے ساتھ منسلک HEPA فلٹر کے ساتھ ہوا سے فلٹر ہو جاتے ہیں۔ وائرس جمع کرنے کے پانچ منٹ کے بعد مائع کو بائیو سینسر میں پمپ کردیا جاتا ہے۔