کراچی:
رمضان کے مقدس مہینے کے احترام کے پیش نظر اس سال “عورت مارچ” کا انعقاد خواتین کے عالمی دن کی بجائے 11 مئی 2025 کو کراچی میں کیا جائے گا۔
ہماری تحریک بلوچستان میں لاپتہ افراد کے ساتھ ساتھ فلسطین اور یوکرین میں جاری جدوجہد کے حوالے سے بھی آواز اٹھائے گی۔
ان خیالات کا اظہار عورت مارچ کے منتظمین نے کراچی پریس کلب میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سماجی کارکن، کلاسیکل ڈانسر اور تحریک نسوان کی بانی شیما کرمانی نے کہا کہ وہ اس سال خواتین کے دن پر عورت مارچ کا انعقاد نہیں کر رہی ہیں بلکہ 11 مئی کو کراچی میں اس کا انعقاد کریں گی تاکہ ہماری گھریلو ملازمین کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ گھروں میں کام کرنے والی خواتین نے انہیں بتایا کہ اس مہینے میں ان کے لیے گھر سے نکلنا بہت مشکل ہے، اس لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ مئی کا مہینہ چونکہ لیبر ڈے اور عالمی یوم ماؤں کے حوالے سے اہم ہے اور ہمارے معاشرے کی سب سے بڑی ورکر خواتین ہیں، اس لیے اس مہینے میں عورت مارچ کا بھی انعقاد کیا جانا چاہیے۔