اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ دنیا گرمی کی شدت میں اضافے کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوجائے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک انتباہ میں اقوام متحدہ نے واضح کیا ہےکہ گرمی کی لہریں مہلک ترین قدرتی خطرات میں سے ایک ہیں ، حدت کے موضوع پر ڈبلیو ایم او کے اعلیٰ سطحی مشیر جان نائرن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے ادوار کی رفتار، دورانیے اور شدت میں اضافہ ہونے کو ہے۔
اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم اے ) نے ایشیا، شمالی افریقہ اور امریکہ میں بھی گرمی کی لہروں کے باعث اموات کے خطرے میں اضافے کی بابت خبردار کیا ہے۔ چین میں 52 ڈگری سینٹی گریڈ کے درجہ حرارت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے جبکہ امریکا کے شہر فینکس میں گرمی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ، جہاں دن میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ یورپ میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔
اٹلی کے دارالحکومت روم میں پارہ 41.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ دوسری جانب سپین، یونان اور سوئٹزرلینڈ کے جنگلات میں پھیلی آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے ، کینیڈا کے جنگلات میں بھی 500 سے زائد مقامات پر لگی آگ بے قابو ہوچکی ہے۔