پاکستانی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ مدیحہ امام نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران لگے ایک تھپڑ نے ان کی سماعت کو مستقل طور پر متاثر کردیا ہے۔
مدیحہ امام عید کے موقع پر ایک ٹی وی شو میں شریک تھیں، جہاں انھوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ ساتھی اداکار کے تھپڑ مارنے کے باعث ان کی سماعت متاثر ہوئی اور اب وہ ایک کان سے کم سنتی ہیں۔
شو پر موجود ان کے ساتھی اداکار فیصل قریشی نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، ’’یہ سچ ہے، مدیحہ کے ساتھ یہ ایک سیٹ پر ہوا تھا۔‘‘
مدیحہ امام نے وضاحت کی کہ وہ مکمل طور پر بہری نہیں ہوئی ہیں، لیکن اب ان سے بات کرتے وقت دوسرے شخص کو تھوڑا اونچا بولنا پڑتا ہے۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ’’جن لوگوں کو لگتا ہے کہ اداکار بہت آرام سے کام کرلیتے ہیں، وہ یہ سمجھ لیں کہ یہ بالکل آسان نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ساتھی اداکار کی جانب سے لگا تھپڑ ان کے کان پر ایسا اثرانداز ہوا کہ اب تک اس کا نقصان برداشت کر رہی ہیں۔
جب پروگرام کی میزبان نے پوچھا کہ کیا انہوں نے اس شخص کو معاف کردیا جس نے یہ تھپڑ مارا تھا، تو مدیحہ نے جواب دیا، ’’ظاہر ہے یہ جان بوجھ کر کون کرے گا، غلطی سے ان سے لگ گیا تھا۔‘‘
فیصل قریشی نے اس موقع پر اپنا ایک تجربہ بھی شیئر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل انہوں نے اداکارہ صبا قمر سے زوردار تھپڑ کھایا تھا۔ فیصل نے کہا، ’’ہوتا یہ ہے کہ آپ لڑکی سے کھا سکتے ہیں، لیکن مردوں کا ہاتھ بھاری ہوتا ہے۔ اس لیے خواتین اداکاراؤں کو نہیں مار سکتے، لہٰذا وہ دکھایا ایسے جاتا ہے کہ تھپڑ مارا گیا ہے۔‘‘