نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں انجری کے شکار اوپنر امام الحق کی صحت سے متعلق اہم اَپ ڈیٹ سامنے آگئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل تھیں جہاں دوران بیٹنگ امام الحق فیلڈر کی گیند ہیلمٹ سے ہوکر منہ پر لگنے کی وجہ سے انجری کا شکار ہوگئے۔
میچ کے 3 اوور کی تیسری گیند پر امام الحق رن لینے کیلئے دوڑے تو فیلڈر نے تھرو کی، جو امام کے ہیلمٹ سے ہوتی ہوئی انکے منہ پر جالگی، جس باعث وہ زمین پر گر پڑے۔
بال لگنے کے بعد اوپنر امام الحق تکلیف میں نظر آئے اور انہیں میدان پر ایمبولنس کے ذریعے لے جایا گیا تھا تاہم اب انکی حالت بہتر ہے۔
امام الحق کے چہرے پر ہلکی چوٹ آئی لیکن انجری کی تشخیص کیلئے انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاکہ انجری کی نوعیت کا اندازہ لگایا جاسکے۔
ڈاکٹرز کی ابتدائی رپورٹس میں کرکٹر کو 2 ہفتوں تک آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور فضائی سفر کیلئے فٹ قرار دیا ہے۔