کراچی:
حج آپریشن 2025 کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور 29 اپریل کو جناح ٹرمینل ائیرپورٹ سے پہلی حج پرواز نجی ملکی ائیرلائن آپریٹ کرے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر حج گلزار سومرو نے بتایا کہ حج 2025کے سلسلے میں قبل ازحج آپریشن کے دوران جناح ٹرمینل کراچی سے پہلی حج پرواز نجی پاکستانی ائیرلائن سیرین ائیر کی ای آر 1611کی روانگی 29 اپریل کو رات 10:15 بجے ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ حج پرواز براہ راست مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگی، جس کے ذریعے 285 عازمین حج حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے حج کی دوسری پرواز بھی نجی ملکی ائیرلائن ائیربلیوکے ذریعے آپریٹ کی جائے گی، 30 اپریل کو 148عازمین حج کے ہمراہ پرواز پی اے 1766 صبح 3:40 پر اڑان بھرے گی۔
گلزار سومرو کا کہنا تھا کہ کراچی سے سعودی ائیرلائن کی پہلی پرواز ایس وی 3701 یکم مئی کی صبح 9:15 بجے 365 اور پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن(پی آئی اے )کی پہلی پروازپی کے 743 2 مئی کو صبح 5:55 بجے 393 عازمین حج کے ہمراہ مدینہ منورہ روانہ ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ قبل ازحج آپریشن کےدوران تمام ابتدائی پروازیں مدینہ منورہ ائیرپورٹ پر اتریں گی تاہم 14 مئی سے حج پروازیں بنیادی طور پر جدہ اور چند ایک کی روانگی مدینہ منورہ کی جانب رہیں گی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر حج نے بتایا کہ نظامت حج کراچی اور متعلقہ ادارےعازمین کی باعزت اور باوقار روانگی کے لیے مکمل تیار ہیں اور ہرممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کےلیے پرعزم ہیں۔