ایک روز کی تاریخی مندی کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 622 پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک روز کی تاریخی مندی کے بعد منگل کو مثبت رجحان رہا اور انڈیکس میں 622 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے یعنی  منگل کے روز بلندی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور انڈیکس مثبت انداز سے چلتا رہا۔

مارکیٹ میں تیزی کے باعث 100 انڈیکس 622.95 پوائنٹس اضافے سے 115,532.43 پوائنٹس پر بند ہوا۔

سرمایہ کاروں کی دلچسپی  سیمنٹ، کیمکل، کمرشل بینک، آئل اینڈ گیس، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز کے حصص میں دیکھی گئی اور ان سیکٹرز کے ہیوی اسٹاکس کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

منگل کے روز انٹرنیشنل اسٹاک ایکس چینجز میں بھی قدرے بہتری رہی، ٹیرف کے معاملے پر صدر ٹرمپ کی پالیسی میں لچک کی امید اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی جانب سے ان پالیسیوں کے امریکی معیشت پر منفی اثرات کی نشاندہی کے ساتھ پالیسی میں لچک پر زور نے سرمایہ کاروں کو امید دلائی۔

اس سے قبل پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ت8700 پوائنٹس کی تاریخی مندی دیکھی گئی تھی اور انڈیکس کاروبار کے دوران 50 فیصد ریکوری کے بعد 3882 پوائنٹس کمی سے  114909پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

منگل کے روز پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں 33ارب 67 کروڑ 67لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 53کروڑ حصص کا کاروبار ہوا۔

مارکیٹ کے مجموعی سرمائے کی مالیت ایک کھرب 38ارب 37 کروڑ14لاکھ روپے اضافے سے 141کھرب 39ارب  97کروڑ70لاکھ 98ہزار روپے کی سطح پر آگئی۔

ٹریڈنگ کے دوران مجموعی طو رپر 454کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں 273کے حصص کی قیمت میں اضافہ، 127کی قیمت میں کمی اور 54 کی قیمت میں استحکام رہا۔

حصص کے سودوں کے لحاظ سے سنرجی کو پی کے، بینک الفلاح، کے الیکٹرک، سوئی سدرن گیس مپنی، بینک آف پنجاب، ورلڈ کال ٹیلی کام، پاک انٹرنیشنل بلک، فوجی سیمنٹ، الطہور لمیٹڈ اور پاکستان ریفائنری سرفہرست ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں