اسلام آباد:
ریلوے پولیس اہلکاروں کے لیے 20 دن کا یومیہ فکس الاونس لگانے کا انکشاف ہوا ہے جس سے قومی خزانے کو 482 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔
جنید اکبر خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ریلوے پولیس اہلکاروں کے لیے یومیہ فکس الاونس لگانے سے متعلق آڈٹ اعتراض زیر بحث آیا۔
آڈٹ بریف میں بتایا گیا کہ یومیہ فکس الاونس کی منظوری فنانس ڈویژن سے نہیں لی گئی تھی۔
سیکریٹری ریلوے نے بریفنگ میں بتایا کہ ملازمین کے لیے یومیہ الاونس کا تصور صوبوں میں ہوتا ہے، ریلوے پولیس کے یومیہ الاونس کا عمل درست نہیں اپنایا گیا۔
وزارت خزانہ حکام نے کہا کہ الاونس فکس کر کے تنخواہ کا حصہ بنانا غلط ہے، منظوری کے بغیر یومیہ الاونس فکس کرنے کی پریکٹس درست نہیں۔
