ویرات کوہلی کی ایک ’’غلطی‘‘ نے اونیت کور کی قسمت بدل دی

انسٹاگرام پر ایک معمولی سی حرکت نے سوشل میڈیا کو ہلا کر رکھ دیا، جب بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے اداکارہ اور انفلوئنسر اونیت کور کی ایک تصویر کو غلطی سے لائیک کردیا۔

ویرات کوہلی نے اس لائیک کو ’الگورتھم کی غلطی‘ قرار دیا، مگر اس چھوٹے سے واقعے نے اونیت کور کی قسمت کو ایسا پلٹا دیا کہ وہ راتوں رات انٹرنیٹ سنسیشن بن گئیں۔

یہ واقعہ 30 اپریل کو اُس وقت منظر عام پر آیا جب اونیت نے انسٹاگرام پر کچھ دلکش تصویریں پوسٹ کیں۔ لیکن جو بات عام فالوورز کی نظروں سے نہ چھپ سکی، وہ یہ تھی کہ ویرات کوہلی کا ’لائیک‘ بھی ان تصاویر میں شامل تھا۔ اگرچہ کچھ دیر بعد یہ لائیک ہٹا دیا گیا، مگر تب تک اسکرین شاٹس گردش میں آچکے تھے، اور #ViratLikedAvneet کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا۔

بھارتی اسٹار کرکٹر کی اس غلطی کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔ فین پیجز میمز سے بھر گئے، کچھ صارفین نے مذاق بنایا تو کچھ نے سنجیدہ سوالات بھی اٹھائے۔ انوشکا شرما کا نام بھی بیچ میں گھسیٹا جانے لگا اور اونیت کور کو ’Accidental Viral Queen‘ کا لقب مل گیا۔ سوشل میڈیا کی دنیا میں جیسے سب کی نظریں ایک ہی طرف مرکوز ہوگئیں۔

اس سارے ہنگامے کے بعد ویرات کوہلی کو بھی صفائی دینا پڑی۔ انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی فیڈ کلیئر کر رہے تھے اور غالباً الگورتھم کی وجہ سے کسی تصویر پر غلطی سے انٹریکشن ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کو بڑھا چڑھا کر نہ پیش کیا جائے اور غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

مگر ویرات کی یہ وضاحت اونیت کی بڑھتی ہوئی شہرت کو روک نہ سکی۔ ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں حیران کن رفتار سے اضافہ ہوا، جو 30 ملین سے بڑھ کر 31.8 ملین تک جاپہنچا۔ صرف یہی نہیں، ان کی ہر پوسٹ کی مارکیٹ ویلیو بھی بڑھ گئی، اور 2 لاکھ روپے سے اب یہ 2.6 لاکھ روپے فی پوسٹ تک جا پہنچی ہے۔

اونیت کو صرف 72 گھنٹوں میں 12 نئے برانڈز کی طرف سے پرکشش تشہیری آفرز موصول ہوئیں، جن میں بیوٹی، فیشن اور فنٹیک کمپنیاں شامل ہیں۔ ان کے فالوورز نے اس لمحے کو ’مین کیریکٹر مومنٹ‘ قرار دیا، اور میڈیا میں ان کا نام مسلسل زبان زد عام ہے۔

یہ وہی اونیت کور ہیں جنہوں نے شوبز میں قدم ڈانس ریئلٹی شوز سے رکھا تھا، اور اب وہ ایک مکمل سوشل میڈیا آئیکون بن چکی ہیں۔ ان کی موجودہ نیٹ ورتھ 41 کروڑ روپے (یعنی تقریباً 5 ملین ڈالر) سے تجاوز کرگئی ہے، اور ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر ان کا گراف یوں ہی بلند رہا تو یہ رقم دگنی بھی ہوسکتی ہے۔

ادھر، کوہلی کی طرف سے ’الگورتھم کی غلطی‘ والی وضاحت کے بعد مارک زکربرگ بھی تنقید کی زد میں آگئے۔ بھارتی صارفین نے ان کے انسٹاگرام کمنٹ سیکشن کو میدانِ جنگ بنا دیا اور مطالبہ کیا کہ وہ کوہلی سے معافی مانگیں اور انسٹاگرام کے الگورتھم کو ’کنگ کوہلی‘ کے وقار کے مطابق درست کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں