رکن پنجاب اسمبلی اور رہنما مسلم لیگ (ن) حنا پرویز بٹ نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ “آپریشن بنیان مرصوص” تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا اور انڈیا کو اسکی ذلالت بھری شکست کی یاد دلاتا رہے گا۔ ہماری افواج اور شاہینوں نے نہ صرف پوری دنیا کے سامنے بھارت کا غرور خاک میں ملایا ہے بلکہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا بھی منوایا ہے۔ دنیا کا سب سے جدید اور مہنگا ایئر ڈیفنس سسٹم، جس پر بھارت نے 1.5 ارب ڈالر جھونک دیئے ، اسے ہمارے جے ایف 17 تھنڈر نے لمحوں میں تباہ کر دیا۔ وہ رافیل طیارے، جن پر بھارت برسوں سے فخر کر رہا تھا، وہ بھی ہمارے نشانے سے نہ بچ سکے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو وارن کیا تھا کہ پاکستانی فوج سے پنگا مت لے کیونکہ اگر آغاز تم نے کیا ہے تو انجام ہم دیں گے اور تم بہت اچھے انجام کو پہنچے ہو۔ پاکستانی افواج بہت صبر تحمل اور حکمت عملی کے ساتھ چل رہی تھی لیکن تم اپنی اشتعال انگیزی سے باز نہیں آئے۔ بھارت نے ہمارےصبر کو کمزوری سمجھنے کی غلطی اس دفعہ کر دی ہے امید ہے اگلی دفعہ یہ غلطی نہیں کریں گے۔ گودی میڈیا کے پروپیگنڈا کو پوری دنیا نے بے نقاب کر دیا ہے اور اس پر مہر پاکستانی افواج نے لگائی ہے۔ بزدل دشمن تو اتنی ہمت بھی نہیں رکھتا کہ دن کی روشنی میں وار کرے۔ اندھیرے میں چھپ کر وار کرنے والے کو پاکستانی افواج نے دن کے اجالے میں منہ توڑ جواب دیا ہےامید ہے اس کو صدیوں یاد رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فسادی مودی نے اپنے سیاسی قد کو بڑھانے کے لیے یہ جنگ مسلط کی لیکن خود ہی پوری دنیا کے سامنے ذلیل و رسوا ہو گیا ہے۔ پاکستانی افواج کی جانب سے پڑھایا گیا یہ سبق اب اس مودی کو ہمیشہ یاد رہے گا۔ پاکستانی افواج ہمیشہ سے بہادری اور جرأت کا نشان رہی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔