صنعت کاروں اور تاجروں نے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے نئے نرخوں پر نہ فیکٹریاں چلیں گی اور نہ ایکسپورٹ آرڈر پورے کر سکیں گے ایسے میں دکانیں اور فیکٹریاں بند کرکے چابیاں حکومت کے حوالے کردیتے ہیں۔
بجلی کے نرخوں میں ایک بار پھر ساڑھے 7 روپے فی یونٹ اضافہ کردیا گیا ہے، گھریلو، کمرشل اور صنعتی یونٹ اوسطاً 50 روپے تک جا پہنچا ہے، آئی ایم ایف نے اخراجات اور لاسز کم کرنے کا مطالبہ کیا، حکومت نے بجلی کی قیمت بڑھا کر جان چھڑالی اور صنعت و تجارت سے دشمنی کی گئی۔
صنعت کاروں کا کہنا تھا کہ بجلی معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے اور متبادل سستے وسائل سے بجلی پیدا کی جائے، آئے روز بجلی کی قیمت بڑھانے سے بے روز گاڑی اور مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا۔ صنعت کاروں نے مزید کہا کہ ملک میں معاشی پہیہ پہلے ہی رکا ہوا ہے، اب بجلی مہنگی ہونے کی وجہ سے ایکسپورٹ کے مزید آرڈرز لینے بند کر دیے ہیں، بہت جلد ہم سڑکوں پر آ کر ملک گیر احتجاج کی کال دیں گے۔