وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے خانکندی میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے بعد چہل قدمی کی۔
آذربائیجان کے صدر نے وزیرِ اعظم اور ترک صدر کو خانکندی کی تاریخ اور تاریخی عمارتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر تینوں رہنماؤں نے غیر رسمی اور خوشگوار گفتگو بھی۔ تینوں رہنماؤں نے گفتگو کے دوران ہاتھ تھام کر پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان مثالی برادرانہ تعلقات اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف وزیرِ اعظم کو خود گاڑی چلا کر شوشا میں ظہرانے پر لے کر گئے۔ شہبازشریف آذربائیجان کا2 روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔
وطن واپسی کے بعد وزیراعظم لاہور ماڈل ٹائون میں اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ دیہی آبادی کی ترقی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا ہماری حکومت دیہی ترقی کو قومی ترقی کے کلیدی ستون کے طور پر ترجیح دے رہی ہے، پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق ہم زراعت، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، انفراسٹرکچر، ہنر کی تربیت اور ماحولیاتی پائیداری کے اہداف، سرمایہ کاری کے ذریعے دیہی معاش کو تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں،
دیہی سڑکوں کے نیٹ ورک کو وسعت دینے اور پانی اور صفائی کی رسائی کو بہتر بنانے، خواتین کو بااختیار بنانے اور موسمیاتی سمارٹ فارمنگ کے طریقوں کو فروغ دینے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
دیہی علاقوں کی ترقی و خوشحالی ہماری اولین ترجیح رہے گی۔ شہباز شریف نے ایشیئن جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں کامیابیوں پر پاکستانی سکواش پلیئرز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے انڈر15مقابلوں میں نعمان خان، انڈر13مقابلوں میں سہیل عدنان کے سونے کے میڈل اور انڈر 15میں احمد ریان خلیل اورگرلز انڈر13مقابلوں میں ماہ نور علی کے سلور میڈل حاصل کرنے پر کھلاڑیوں اور پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا پورے ٹورنامنٹ میں سات میڈل جیت کر کھلاڑیوں نے پوری قوم کے دل جیت لئے۔
پوری قوم کو آپ پر فخر ہے، دعا ہے کہ آپ کی کامیابیوں کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے۔شہباز شریف نے امریکی ریاست ٹیکساس میں تباہ کن سیلاب میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں اور دعائیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی قوم کے ساتھ ہیں۔