اسلام آباد:
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت شکست تسلیم نہیں کرپارہا، پاکستان نے پہلگام واقعے پر جھوٹا بیانیہ کامیاب نہیں ہونے دیا، اگر بھارت نے پانی روکا تو یہ جنگ کے مترادف ہوگا۔
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ عسکری سطح پر جنگ بندی برقرار ہے، مگر بھارت کی سیاسی قیادت کو شکست ہضم نہیں ہو رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارت نہ پاکستان کا پانی روک سکتا ہے اور نہ اس کا رخ موڑ سکتا ہے، اگر بھارت نے پاکستان کا پانی بند کیا تو یہ جنگ کے مترادف ہوگا۔
وزیر خارجہ نے انکشاف کیا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ ہوا، واہگہ بارڈر کی بندش، بھارتیوں کے ویزے منسوخ اور فضائی حدود کی بندش جیسے اقدامات اسی حکمت عملی کا حصہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس بار بھارت کا بیانیہ کامیاب نہیں ہونے دیا، بھارت نے ماضی میں بھی پلوامہ جیسے جھوٹے الزامات لگائے اور اب پہلگام واقعے پر بھی جھوٹ پھیلانے کی کوشش کی تاہم پاکستان نے عالمی سطح پر مؤثر سفارت کاری سے بھارتی بیانیے کو مسترد کرایا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے مشکل ترین حالات میں معاشی ٹیک آف کیا، مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں واضح کمی آئی اور پاکستان کو جی-20 میں شامل کرنا ہمارا ہدف ہے۔
علاوہ ازیں کوالالمپور میں اسحاق ڈار کی ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے بھی اہم ملاقات ہوئی، وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور آسیان کے چیئر کے طور پر ملائیشیا کی قیادت کو سراہا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے نہ صرف عسکری سطح پر دشمن کے عزائم ناکام بنائے بلکہ سفارتی محاذ پر بھی مؤثر حکمت عملی سے دنیا کو بھارت کی فاشسٹ پالیسیوں سے آگاہ کیا۔