راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے ملزم نجی اکیڈمی کے پرنسپل کو گرفتار کرلیا گیا۔
طالبہ سے ٹیوشن اکیڈمی کے پرنسپل کی بار بار زیادتی کا واقعہ تھانہ پیر ودھائی کے علاقہ خیابان سرسید سیکٹر ٹو میں پیش آیا۔
متاثرہ طالبہ نے پولیس کو دیے گئے ابتدائی بیان میں کہا ہےکہ اس نے 2023 میں اکیڈمی میں داخلہ لیا، اکیڈمی کے پرنسپل ضیا الرحمان نے رواں سال21 مئی کو اکیڈمی بلا کر زبردستی ریپ کیا، ایک ماہ بعد پتہ چلا میں حاملہ ہوں، گھروالوں اور خاندان کی بدنامی کے وجہ سے خاموش رہی۔
طالبہ کے مطابق ضیا الرحمان نے دوائی لاکر دی جس کے بعد میری طبیعت مزید بگڑ گئی، بعد میں پتہ چلا وہ دوائی اسقاط حمل کی تھی، اس سے قبل ضیا الرحمان نے شادی کی پیشکش بھی کی تھی، ضیا الرحمان شادی کا جھانسہ دیکر مجھ سے کئی بار زبردستی کرچکا ہے، بار بار زبردستی کی وجہ سے میں دو بار حاملہ ہوئی ہوں۔
طالبہ نے کہا کہ شادی کی ضد کرنے پر ضیا الرحمان نے ٹارچر کرنا شروع کردیا، تعلیم کے مقدس پیشے سے وابستہ شخص نے میری زندگی برباد کی ہے۔
متاثرہ طالبہ کی مدعیت میں تھانہ پیرودھائی پولیس نے ملزم ضیا الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا میڈیکل کروایا جائے گا، زیر حراست ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرکے اسے شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیرانسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے راولپنڈی میں طالبہ سے زیادتی کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
وفاقی وزیر نے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی اور کہاکہ متاثرہ طالبہ کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔