بحیرہ روم کے خطے میں شدید گرم موسم اور ہیٹ ویوز کے باعث مختلف مقامات پر بھڑکنے والی آگ سے 40 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ اب تک بحیرہ روم کے خطے میں واقع کم از کم 9 ممالک کے مختلف حصوں میں ہیٹ ویوز اور شدید گرم موسم کے باعث جنگلات جل رہے ہیں اور یورپ و شمالی افریقا کے ہزاروں فائر فائٹرز آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے سرگرم ہیں۔ الجزائر، تیونس، یونان اور اٹلی میں جنگلات اور دیگر جگہوں پر آتشزدگی سے دیہات اور سیاحتی مقامات کو خطرات لاحق ہوچکے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں سے ہزاروں افراد کا انخلا کیا گیا ہے۔
شدید گرم موسم اور آتشزدگی کے باعث سب سے زیادہ 34 ہلاکتیں الجزائر میں ہوئیں جن میں 10 فوجی بھی شامل ہیں جو ساحلی صوبے بجایہ میں بھڑکنے والی آگ سے لوگوں کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ مقامی حکام نے بتایا کہ آتشزدگی پر 80 فیصد تک قابو پالیا گیا ہے مگر اب بھی بہت زیادہ کام کیا جا رہا ہے اور متاثرہ حصوں میں 8 ہزار اہلکار کام کر رہے ہیں۔