برطانیہ میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علم سید حسین علی مبینہ طور پر سعودی عرب میں لاپتہ ہو گیا۔ دی فرائیڈے ٹائمز کے مطابق سید حسین علی کے والد سید عاصم علی کی طرف سے پاکستان میں سعودی سفیر کو خط لکھا گیا ہے جس میں اپنے بیٹے کی بازیابی کی درخواست کی گئی ہے۔ سید عاصم علی نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بھی اس معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔سید عاصم علی کا کہنا ہے کہ ”میرا بیٹا سعودی عرب کے شہر جدہ سے لاپتہ ہوا ہے۔ میں دفتر خارجہ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ میرے بیٹے کی تلاش میں ہماری مدد کریں۔ میرا بیٹا سعودی ایئرلائنز کی پرواز ایس وی 735کے ذریعے عمرہ ادائیگی کے لیے 28اگست کو سعودی عرب گیا۔ “
سید عاصم کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا جدہ سے مکہ مکرمہ گیا اور عمرہ ادا کیا ۔ اس کے بعد اسے جدہ سے برطانیہ کے لیے اپنی پرواز پکڑنی تھی۔ اس نے ہمیں بتایا کہ وہ ٹیکسی کے ذریعے جدہ جائے گا۔ اس کے بعد ہمارا اس کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔ وہ جدہ سے لندن جانے والی پرواز پر سوار نہیں ہوا، جس کا ٹکٹ اس نے بک کروا رکھا تھا۔واضح رہے کہ سید حسین علی صوبہ پنجاب کے قصبے شاہ جیونہ کا رہائشی ہے اور برطانیہ میں زیر تعلیم ہے۔ وہ لندن میٹروپولیٹن فلم سکول سے فلم سازی کی تعلیم حاصل کر رہا ہے۔ سابق وفاقی وزیر سید فیصل صالح حیات ان کے قریبی رشتہ دار ہیں۔
Load/Hide Comments