پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں یوم دفاع منایا گیا

پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں یوم دفاع منایا گیا

پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں یوم دفاع پاکستان کی 58 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں برطانیہ کی وزارت دفاع کی نمائندہ ڈاکٹر وکٹوریہ ، لارڈز، ایم پیز، دوست ممالک کے دفاعی اتاشی اور کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے خطاب میں اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو پاکستان کے دفاع میں قربانیاں دینے والے بہادر افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے وقف ہے، انہوں نے 6 ستمبر 1965 ء کے تاریخی واقعات کا ذکر کیا جب پاکستان کی مسلح افواج نے پرعزم شہریوں کی مدد سے ایک بڑے دشمن کے حملے کو کامیابی سے پسپا کر دیا تھا۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے ملک کے سلامتی کے منظرنامے کو تشکیل دینے میں پاکستان کی مسلح افواج کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے قانون سازی اور مالیاتی نیٹ ورک میں خلل کے ذریعے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے ان کی جاری کوششوں پر روشنی ڈالی جس کی مثال نیشنل ایکشن پلان ہے۔ ہائی کمشنر نے دہشت گردی کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے لئے عالمی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس حوالے سے انہوں نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان دفاع اور سلامتی کے شعبے میں پائیدار شراکت داری کو سراہا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وکٹوریہ ٹوکے نے دفاع اور سلامتی کے امور میں برطانیہ اور پاکستان کے درمیان جاری تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے علاقائی اور عالمی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ عزم پر زور دیا اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور امن کے فروغ کے لئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر ڈیفنس اینڈ ائیر مشیر کموڈور محمد ذیشان نبی اور آرمی و ایئر اتاشی کرنل تیمور راحت نے بھی خطاب کیا اور یوم دفاع پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں