آئی سی سی ورلڈ کپ کے انعقاد نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی اہلیت اور سٹیڈیم کے معیاری ہونے پر سوال کھڑے کر دیئے۔نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے عالمی کرکٹ میلے کیلئے جو سٹیڈیم منتخب کئے ہیں ان میں دھرم شالا سٹیڈیم عالمی کھلاڑیوں اور کوچز کیلئے شدید پریشانی کا سبب بنا ہوا ہے۔ اس سٹیڈیم کی ریتلی فیلڈ کرکٹرز کی انجریز کا مسلسل خطرہ بن گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں نے دھرم شالا سٹیڈیم میں میچ کھیلا جس کے دوران کئی کھلاڑی فیلڈنگ کے دوران انجریز سے بچے، کرکٹرز کے پاؤں اور گھٹنے فیلڈنگ کے دوران گراونڈ میں دھنستے رہے، افغان فیلڈر مجیب الرحمن گھٹنے کی انجری سے بال بال بچے۔ افغان کوچ ناتھن ٹراٹ نے بھی گراونڈ کی خراب صورتحال پر تحفظات ظاہر کر دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی فیلڈنگ کے دوران یہی سوچتے رہتے ہیں کہ ڈائیو کریں یا نہیں، یہی چیز کھیل کو شدید متاثر کر رہی ہے۔ میچ کے دوران بنگلہ کرکٹرز بھی گراونڈ کے معیارسے نالاں نظر آئے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت کو ورلڈ کپ کے انعقاد کا شوق تو بہت تھا مگر عالمی معیار کے انتظامات نہیں کر سکا، یہ معاملہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی اہلیت پر سوالیہ نشان ہے کہ وہ عالمی ایونٹ منعقد کروا بھی سکتا ہے، مناسب انتظامات تو وہ کروا نہیں سکا۔
