پاک سوزوکی کی طرف سے اپنی موٹرسائیکلز کی قیمتوں میں حالیہ عرصے میں متعدد بار اضافہ کیے جانے کے بعد کمپنی کی مقبول موٹرسائیکل ’سوزوکی جی ڈی 110ایس‘ کی قیمت 3لاکھ 52ہزار روپے تک جا پہنچی ہے، تاہم یہ موٹرسائیکل خریدنے کے خواہشمندوں کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ آسان اقساط میں بھی یہ بائیک حاصل کر سکتے ہیں اور وہ بھی صفر شرح سود پر۔
ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق کمپنی کی طرف سے جی ڈی 110ایس کے لیے ماہانہ اقساط کے دو پلان متعارف کرائے گئے ہیں۔ پہلے پلان میں کسٹمرز کو قیمت کا 35فیصد پیشگی ادا کرنا ہو گا، جس کے بعد باقی رقم 24اقساط میں ادا کرنی ہو گی۔ 23ماہانہ اقساط 9ہزار 600روپے ہوں گی جبکہ آخری 24ویں قسط 8ہزار روپے ہو گی۔دوسرا پلان 18ماہ کی اقساط پر مبنی ہے جس میں موٹرسائیکل کی 50فیصد قیمت پیشگی ادا کرنی ہو گی۔ اس پلان میں 17ماہانہ اقساط 9ہزار 800 روپے اور آخری 18ویں قسط 9ہزار 400روپے ہو گی ۔
