اسرائیلی علاقے سے مزید 100 لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 1100 سے بڑھ گئیں،ریسکیو سروس ’ذکا‘ کا کہنا ہے کہ کمیونٹی فارم سے 100 سے زائد لاشیں ملی ہیں جو حماس کے حملے کے وقت یرغمالی علاقہ بن گیا تھا، ادھر لبنانی سرحد پر جھڑپوں میں صیہونی ڈپٹی کمانڈر مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق حماس اور اسرائیلی فوجیوں کے مابین جھڑپیں گزشتہ روز تنازع کے تیسرے روز بھی جاری رہیں، فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے حملوں میں مارے جانے والے اسرائیلیوں کی تعداد 1100 سے زائد ہو گئی ہے۔ اسرائیل کے غزہ پر شدید حملے جاری ہیں جن میں اب تک 704 فلسطینیوں کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ اسرائیلی وزیر دفاع کے حکم کے بعد غزہ کی مکمل ناکہ بندی کر دی گئی ہے، خوراک، ایندھن، بجلی کے علاوہ انٹرنیٹ کی سپلائی بھی روک دی گئی۔ اسرائیلی وزیر توانائی نے غزہ کیلئے پانی کی سپلائی لائنیں کاٹنے کی ہدایات بھی دے دیں۔غزہ کے غیر انسانی محاصرے پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
