مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ تاجر کی دکان چلے گی تو پاکستان چلے گا، معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے.نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں تاجروں سے خطاب کے دوران کہا کہ نوازشریف کی واپسی پر تاریخی استقبال کیا جائے گا، انہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ قوم کو موٹر ویز اور میٹرو بس کا تحفہ دیا۔ ملک میں نوازشریف کی زیر قیادت بیشتر ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے۔ ہم نے شدید مہنگائی کے دور میں ماہ رمضان میں 70 ارب کی سبسڈی سے سستا آٹا فراہم کیا.انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف کرپشن کے کیسز میں ایک دھیلہ ثابت نہیں ہوا، لوگ مجھے کہتے ہیں کہ 16 ماہ کے دوران اپنی سیاست کو نقصان پہنچایا، میں کہتا ہوں ہم نے ریاست کو بچایا ، سیاست کی پرواہ نہیں کی۔ ہمیں ترقی اور خوشحالی کیلئے ملک سے نفرتوں کا خاتمہ کرنا ہو گا۔
