پاکستانی شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں مشکلات کا سامنا لیکن کیوں؟ وجہ ایسی کہ پاکستانی سٹپٹا گئے

پاکستان بھر میں شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کا وجہ حیران کن طور پر لیمینیشن پیپر کی قلت بتائی جا رہی ہے۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ایک مقامی میڈیا آﺅٹ لیٹ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ محکمے کے پاس لیمینیشن پیپر کی قلت انتظامیہ کی غفلت کے سبب ہوئی۔ذرائع کے مطابق لیمینیشن پیپر کم ہونے پر انتظامیہ کی طرف سے بروقت خریداری نہیں کی گئی ۔ گزشتہ ہفتے تک سپلائی میں کوئی مثبت تبدیلی نہیں آئی، جس کے نتیجے میں آئندہ دنوں میں بھی صورتحال بہتر ہونے کا امکان نہیں ہے اور ملک بھر میں شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں مزید تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لیمینیشن پیپر کی کمی کے باوجود پاسپورٹ دفاتر نئی درخواستیں بھی وصول کرتے رہے، جس کے باعث صورتحال زیادہ گھمبیر ہوئی۔ ممکنہ طور پر نارمل فیس ادا کرنے والے شہریوں کو پاسپورٹس ڈلیور کرنے میں ایک ماہ یا اس سے بھی زائد وقت لگ سکتا ہے۔ تاحال ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی طرف سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں