ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو پاکستان انفارمیشن کمیشن نے ریکارڈ سمیت طلب کرلیا

پاکستان انفارمیشن کمیشن نے ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر جاوید احمد کو ایک شہری کی درخواست پر مطلوبہ ریکارڈ سمیت 18اکتوبر کو طلب کر لیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ایک پاکستانی شہری کی درخواست پر ایکشن لیتے ہوئے انفارمیشن کمیشن نے وائس چانسلر کے نام عدالتی سمن جاری کیا ہے جس میں انہیں بذات خود یا اپنے نامزد کردہ پبلک انفارمیشن آفیسر کے ذریعے کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا پابند بنایا گیا ہے۔سمن میں کہا گیا ہے کہ اگر وائس چانسلر غیرحاضر رہے تو ان کی کمیشن کی طرف سے یک طرفہ فیصلہ سنا دیا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف متعلقہ قانون کے تحت نمٹا جائے گا۔ واضح رہے کہ شہری کی طرف سے پاکستان کے معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت رواں سال 30اگست کو ایئریونیورسٹی کو درخواست دی گئی تھی، جس پر اسے تسلی بخش معلومات مہیا نہیں کی گئیں۔ اس پر شہری نے انفارمیشن کمیشن سے رجوع کر لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں