نگران وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں نئے اسلحہ لائسنس کے اجراءپر پابندی عائد کر دی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق نگران وزیراعلیٰ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ سندھ کی طرف سے اسلحہ لائسنس کے اجراءپر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق نگران صوبائی حکومت کی طرف سے یہ فیصلہ تحقیقات میں ایک نیٹ ورک کی طرف سے جرائم پیشہ افراد کو کرائے پر اسلحہ دینے کے انکشاف کے بعد کیا گیا۔ تحقیق کاروں کی طرف سے سٹریٹ کرائمز اور ٹارگٹ کلنگ کے وارداتوں میں نئے ہتھیار استعمال ہونے کا سراغ لگایا گیا ہے۔ نئی وارداتوں میں جرائم پیشہ افراد کی طرف سے فائر کی گئی گولیوں کے خول پہلے وارداتوں میں استعمال ہونے والے اسلحے سے مختلف پائے گئے ہیں۔ پولیس اور کاﺅنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی میں سٹریٹ کرائمز کے متعلق ایک جامع رپورٹ تیار کرنے میں تاحال ناکام رہے ہیں۔ چنانچہ اب وفاقی ایجنسیاں اس معاملے کو دیکھ رہی ہیں اور اب تک متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر چکی ہیں۔
