نوسرباد دلہن بالآخر پکڑی گئی

بھارت میں شادی کرکے متعدد لوگوں کے گھروں کا صفایا کرنے والی نوسرباز دلہن بالآخر پکڑی گئی۔ گلف نیوز کے مطابق اس دلہن کو ریاست اترپردیش کے شہر کان پور سے گرفتار کیا گیا ہے جو شناخت بدل کر مختلف مردوں سے شادی کرتی اور شادی کے چند دن بعد زیورات،نقدی اور دیگر قیمتی اشیاءلے کر رفو چکر ہو جاتی تھی۔ اس دلہن نے شیوانگی سیسوڈیا، پنکی گوتم اور شویتا شاستری و دیگر فرضی ناموں سے مختلف مردوں کے ساتھ شادیاں کیں۔ اس نے جتندر گوتم نامی شخص کو اپنا آخری شکار بنایا جس کی درخواست پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ جتندر نے پولیس کو بتایا کہ اس کی دلہن اسے 10لاکھ روپے کا چونا لگا کر فرار ہو گئی ہے۔ جھانسی کا رہائشی جتندر خود پولیس اہلکار تھا اور فاضل گنج پولیس سٹیشن میں تعینات تھا جب اس کے ساتھ یہ واردات ہوئی۔ اس کی فراڈ دلہن سے سوشل میڈیا کے ذریعے ملاقات ہوئی۔ نوسرباز خاتون نے اسے اپنا نام شویتا سیسوڈیا بتایا اور بتایا کہ وہ جھانسی کے علاقے خوشی پور کی رہائشی ہے۔ جتندر نے شادی سے پہلے ہی شویتا کو کار خریدنے کے لیے 6لاکھ 21ہزار روپے دے دیئے تھے۔جتندر نے بتایا کہ شادی سے پہلے اور شادی کے بعد شویتا نے اس کی اپنے جتنے رشتہ داروں سے ملاقات کرائی تھی وہ سب بھی جعلی اور نوسرباز تھے، جنہیں شویتا نے اپنے رشتہ داروں کی اداکاری کے لیے کرائے پر حاصل کر رکھا تھا۔پولیس کو دوران تفتیش معلوم ہوا ہے کہ نوسرباز خاتون حقیقت میں شادی شدہ اور دو بچوں کی ماں ہے۔ اس کے بعد جھانسی میں رہتے ہیں۔ خاتون سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں