اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے ، حالیہ پرتشدد واقعے میں اسرائیلی فضائیہ نے نقل مکانی کرنیوالے فلسطینی قافلے کو نشانہ بنایا ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بد ترین بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 70 فلسطینی شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔ شہداء میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں جن میں سے بچوں کی عمریں دو سے پانچ سال ہیں۔یہ قتل عام صلاح الدین اسٹریٹ پر ہوا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر آگئی ہیں، جن میں ٹرکس اور سڑکوں پر خواتین اور بچوں کی خون آلود لاشیں دیکھی جاسکتی ہیں۔اسرائیل نے شمالی غزہ کے 11 لاکھ رہائشیوں کو 24 گھنٹوں میں علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی تھی اور جب خواتین، بچے اور بوڑھے وہاں سے نقل مکانی کرنے لگے تو رستے میں انہیں نشانہ بناکر عالمی انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔
