الیکشن کمشن آف پاکستان نے اپنے بیان میں قرار دیا ہے کہ ملک بھر میں 25 اکتوبر انتخابی فہرستوں کا منجمد کر دیا جائے گا۔ تمام اہل پاکستانی اپنے اور اپنے اہل خانہ کے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں۔ ووٹ کے اندراج میں صرف 10 دن رہ گئے ہیں جس کے بعد کسی بھی ووٹ کا نہ ہی اندراج ہو سکے گا اور نہ ووٹ کی منتقلی ہو سکے گی۔ الیکشن کمشن نے 28 ستمبر سے 25 اکتوبر 2023ءتک انتخابی فہرستوں کو غیر منجمد کیا ہوا ہے۔ 25 اکتوبر 2023ءتک تمام اہل افراد جن کے پاس شناختی کارڈ موجود ہو وہ اپنے ووٹ کا اندراج کر سکتا ہے۔ تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بطور رجسٹریشن آفیسر تعینات ہیں۔ ووٹ اندراج میں تمام افراد کو مکمل سہولت Facilitation دی جا رہی ہے۔ ووٹ کا اندراج اور منتقلی فارم 21 پر ہوتی ہے۔ اگر کوائف یا ایڈریس میں کوئی غلطی ہو وہ بھی درست کی جا سکتی ہے۔ قبل ازیں انتخابی فہرستوں کو ملک بھر میں 20 جولائی 2023ءکو منجمد Freeze کر دیا گیا تھا۔ ووٹ کا اندراج ووٹر کے شناختی کارڈ کے مطابق مستقل یا موجودہ پتہ پر کیا جاتا ہے۔ سرکاری ملازمین اگر کسی دوسرے ضلع یا صوبے میں تعینات ہیں تو اپنی پوسٹگ والی جگہ پر اپنا اور فیملی کا ووٹ درج کرا سکتا ہے۔ تمام اہل افراد آئندہ عام انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر یں گے۔ ایسے تمام افراد جن کو 25 اکتوبر 2023ءتک شناختی کارڈ جاری ہونگے ان کے ووٹوں کے اندراج کو یقینی بنایا جائے گا۔
