امریکی صدر جو بائیڈن نے غزہ کے ہسپتال پر بمباری پر اسرائیل کے مؤقف کی تائید کردی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ جیسا میں نے دیکھا اس سے ایسا لگتا ہے دھماکا دوسری جانب سے کیا گیا، اسرائیل نے نہیں کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے ایسے لوگ ہیں جو اس پر یقین نہیں رکھتے، ہمیں بہت ساری چیزوں پر قابو پانا ہوگا۔اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے غیر متزلزل امریکی حمایت پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا ہے۔بائیڈن نے دورہ اسرائیل کے دوران اسرائیل کی حمایت اور اس کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔امریکی صدر نے حماس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حماس فلسطینیوں کی نمائندگی نہیں کرتی بلکہ ان کی پریشانیوں کا سبب ہے۔اسرائیل کے دورے کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلیوں کی ہمت، عزم اور ان کی بہادری حیران کن ہے۔
