ریڈیو فری یورپ سے وابستہ روسی نژاد امریکی صحافی السو کرماشیوا کو روس میں گرفتار کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق ریڈیو فری یورپ اور ایک جرنلسٹ واچ ڈاگ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ السو کرماشیوا پر خود کو بطور فارن ایجنٹ رجسٹرڈ نہ کرانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق السوکرما شیوا دوسری امریکی صحافی ہیں جنہیں روسی حکومت نے گرفتار کیا ہے۔ ان سے پہلے وال سٹریٹ جرنل کے رپورٹر ایوان گرشکویخ کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر امریکہ کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔بتایا گیا ہے کہ کرماشیوا کو گرفتاری کے بعد ایک عارضی حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔ انہیں رواں سال جون میں کازان ایئرپورٹ پر بھی کچھ دیر کے لیے گرفتار کیا گیا تھا۔ ریڈیو فری یورپ کی انتظامیہ اور عالمی صحافتی تنظیموں کی طرف سے روسی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کرماشیوا کو فوری طور پر رہا کیا جائے تاکہ وہ اپنی فیملی کے پاس جا سکیں۔
