نوازشریف پاکستان واپسی کیلئے دبئی ایئر پورٹ پہنچ گئے

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف چار سال بعد آج وطن واپسی کے لیے دبئی ائیرپورٹ پہنچ گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے ساتھ پاکستان جانے والے لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی دبئی میں موجود ہے۔سابق وزیراعظم کا خصوصی طیارہ دبئی سے اسلام آباد پہنچے گا جہاں سے وہ لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔اس سے قبل نوازشریف سے فون پر گفتگو کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آپ کے استقبال کیلئے تیار ہے، مینار پاکستان پر تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔نواز شریف وطن واپسی پر لاہور میں مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کری گے جہاں وہ آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے۔(ن) لیگ کے صدر شہبازشریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے مینار پاکستان کا دورہ کرکے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔پنجاب اور پاکستان کے دیگر شہروں سے قافلے لاہور پہنچ رہے ہیں، نواز شریف کے استقبال کیلئے کارکنوں کی اسپیشل ٹرین مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی قیادت میں حیدرآباد ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوئی۔اس کے علاوہ جامشورو، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، میرپورخاص، سجاول اور تھرپارکر سمیت دیگر اضلاع سے حیدرآباد پہنچنے والے قافلوں کے شرکا حیدرآباد سے چلنے والی اسپیشل ٹرین میں سوار ہو کر لاہور کیلئے روانہ ہوئے۔کارکنان کی بڑی تعداد سندھی ٹوپی اور اجرک جب کہ تھرپارکر کے قافلے میں شامل کارکنوں نے تھر کی روایتی پگڑی پہنی ہوئی تھی۔خواتین کارکنوں کی بھی بڑی تعداد ٹرین میں سوار ہے، ن لیگی کارکنان ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کرتے رہے، اسپیشل ٹرین 21 اکتوبر کی دوپہر لاہور پہنچے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں