عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کو مذاکراتی عمل کا حصہ بنانے سے انکار کیا، شیخ رشید

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ دومرتبہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو مذاکراتی عمل میں شامل کرلیں مگر انہوں نے منع کیا۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ خاموشی کا چِلہ کاٹ رہا تھا اس لیے منظر عام سے غائب تھا،اللہ نے زندگی میں 40 دن لگانے کا موقعہ دیا، چلے کے دوران مجھے کسی نے کوئی نقصان نہیں پہنچایا، اس دوران سب لوگوں نے میرے ساتھ تعاون کیا اور 40 دن خوش اسلوبی سے گزر گئے۔ اس چلے کے دوران بہت کچھ سوچنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ سیاستدان کو کسی فوجی افسر کا نام نہیں لینا چاہیے، یہ ملک اداروں کے بغیر نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کہتا تھا کہ فوج سے بناکر رکھنی چاہیے، فوج کا مسئلہ فوج کو حل کرنا چاہیے سیاستدانوں کو دور رہنا چاہیے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ضدی سیاستدان ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے تین افراد جو فوج سے مذاکرات کر رہے تھے تینوں نے اپنی جماعت بنالی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں