لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ شاداب خان صرف بگ بیش لیگ کی وجہ سے انجری کا شکار نہیں ہوئے، وہ پی ایس ایل 8 کے لیے دستیاب ہوں گے۔
سعید اجمل کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل لیگز کے لیے پاکستان کے کھلاڑیوں کو جانا چاہیے، انجری کسی وقت بھی ہو سکتی ہے، پاکستان کی طرف سے بھی کھیل رہے ہوں تو انجری تب بھی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے ساتھ بورڈ میں تبدیلی نہیں ہونی چاہیے، ایسا نظام ہونا چاہیے کہ تبدیلیاں نہ ہو اور نظام چلتا رہنا چاہیے، ابھی بورڈ میں تبدیلی ہوئی ہے تو ساتھ ہی ٹیم میں تبدیلیاں شروع ہو گئی ہیں، اس کا کھلاڑیوں پر اثر پڑتا ہے۔
سابق کرکٹر کا کہنا ہے کہ یہاں رات کو کوئی چیئرمین ہوتا ہے اور صبح کسی اور کو بنا دیا جاتا ہے، اگر کپتان بنایا ہے تو اس کو سکھائیں، تبدیل کرنا حل نہیں ہے، تینوں فارمیٹ کے الگ الگ کپتان بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اگر کپتان الگ کرنے ہیں تو پھر وائٹ اور ریڈ بال کے الگ بنائیں، بابر اعظم کو خود غرض کہا جاتا ہے تو میں کہتا ہوں کہ ایسے دو تین خود غرض ٹیم میں ہونے چاہئیں۔
سعید اجمل کا یہ بھی کہنا ہے کہ بابر اعظم اچھا کھلاڑی ہے، اس میں کوئی منفی چیز ہے تو اسے دور کیا جا سکتا ہے، ہم وائٹ بال کرکٹ کے کھلاڑی بنا رہے ہیں، ٹیسٹ کے لیے نہیں، نہ تو ہم اسپنرز سے مشکلات پیدا کر رہے ہیں اور نہ ہمیں اسپنرز کو کھیلنا آتا ہے۔
واضح رہے کہ شاداب خان آسٹریلوی لیگ بگ بیش میں انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ان کو ون ڈے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔