معروف امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنی “علی بابا” اور ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی “بیدو” نے آن لائن ڈیجیٹل نقشوں سے اسرائیل کا نام ہٹا دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق امریکی اخبار وال سٹریٹ جنرل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ بیدو اور علی بابا کے نقشوں پر اب اسرائیل کا نام موجود نہیں تاہم بیدو کے آن لائن نقشے فلسطینی علاقوں کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں تفصیل بتائی گئی کہ بیدو کے آن لائن نقشے میں لکسمبرگ جیسے چھوٹے ملک کا نام موجود ہے مگر ملک کی شناخت کے طور پر اسرائیل کا نام موجود نہیں۔ چینی کمپنیوں کی جانب سے کوئی وضاحت بھی نہیں دی گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسرائیل غزہ پر مسلسل 24 روز سے بمباری کر رہا ہے جس میں بچوں کی ایک بڑی تعداد موت کا شکا رہو گئی، اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کا کہنا ہے کہ غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ شہید کیا جا رہا ہے، اب تک غزہ میں 8 ہزار 400 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔
