کوئی شخص ہر ہفتے فیملی کے ہمراہ پیزا کھانے کے لیے کتنا سفر کر سکتا ہے؟ آپ کو یہ سن کر سخت حیرت ہو گی کہ برطانیہ میں ایک خاتون اپنے دو بچوں کے ہمراہ ہر ہفتے پیزا کھانے اٹلی جاتی ہے اور اس خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اٹلی اس لیے جاتی ہے کیونکہ اٹلی کا سفر اسے لندن کے سفر سے سستا پڑتا ہے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق روزین بالسینس نامی یہ خاتون برطانوی علاقے شیفیلڈ کی رہائشی ہے۔ وہاں سے برطانوی دارالحکومت لندن کا فاصلہ محض 170کلومیٹر ہے۔ تاہم وہ اپنے بچوں 6سالہ چیری اور 14سالہ ٹایو کے ہمراہ ہر ہفتے ریان ایئرلائنز کے ذریعے اٹلی جاتی ہے اور وہ لوگ ایک چھٹی منا کر اور پیزا کھا کر واپس آ جاتے ہیں۔ روزین بتاتی ہے کہ وہ کبھی ایمسٹرڈیم اور کبھی بیلجیم بھی جاتے ہیں۔ میں بچوں کو سکول سے لیتی ہوں اورریان ایئرلائنز کی شام 7بجے کی پرواز پکڑنے کے لیے سکول سے ہی مانچسٹر ایئرپورٹ کا رخ کرتی ہوں۔ یہ سفر مجھے صرف39پاؤنڈ میں پڑتا ہے۔ اٹلی پہنچ کر ہم 150پاؤنڈ میں ایک رات کے لیے ہوٹل بک کرواتے ہیں اور آرام کرتے ہیں۔ اگلا تمام دن ہم شہر میں گھومتے اور پیزے اور دیگر اچھے اچھے کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور شام 6بجے واپسی کی پرواز میں سوار ہو جاتے ہیں۔اگر میں اپنے بچوں کو لے کر لندن کا سفر کروں تو اس پر اس سے دو گنا خرچ آئے گا۔
