فضائی آلودگی کی وجہ سے نئی دہلی کا آسمان دھویں کی موٹی تہہ میں چھپ گیا ،فضاء زہریلی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے دارالحکومت کی فضاء زہریلی ہونے کے سبب سانس کے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ آلودگی کی سطح رواں موسم میں پہلی بار انتہائی سنگین کیٹیگری میں ریکارڈ کی گئی ہے جس کی وجہ سے نئی دہلی حکومت نے فضائی آلودگی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے آج ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ نئی دہلی میں گزشتہ شام 5 بجے تک ائیر کوالٹی لیول 402 تک پہنچ گیا تھا جو اس موسم میں درج کیا گیا سب سے زیادہ اے کیو آئی ہے۔ موسمیاتی ماہرین نے اگلے 2 ہفتوں کے دوران نئی دہلی میں آلودگی کی سطح بڑھنے کا انتباہ جاری کیا ہے اور فضائی آلودگی کے سبب دارالحکومت ، پنجاب اور ہریانہ میں تعمیراتی کاموں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
