سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ تین زخمی ہوئے۔آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی قیادت میں سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے 4سپوت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔شہداء میں ٹیم لیڈر اسلام آباد کے 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، لکی مروت کے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، چارسدہ کے 27 سالہ نائیک رفیق خان اور مری کے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کسی بھی دہشتگرد کے خاتمے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
