مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما عرفان صدیقی کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی جنرل نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن پنجاب کے ترجمان کے مطابق اس نشست کے لیے انتخابی عمل کا آغاز 4 دسمبر سے ہوگا۔
ترجمان نے بتایا کہ امیدوار 4 سے 5 دسمبر 2025 تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جب کہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 6 دسمبر کو شائع کی جائے گی۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 8 دسمبر کو مکمل کی جائے گی اور نظرِ ثانی شدہ فہرست 13 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کو 15 دسمبر تک کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی اجازت ہوگی۔ ضمنی الیکشن کی پولنگ 24 دسمبر 2025 کو پنجاب اسمبلی میں ہوگی، جہاں ووٹوں کے ذریعے نئے سینیٹر کا انتخاب کیا جائے گا۔
عرفان صدیقی کے انتقال کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی، جس کے باعث سیاسی حلقوں میں نئی سرگرمیاں دیکھنے میں آرہی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تمام انتظامات شفاف انتخابی عمل کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔
