وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اپنی حکومت کے آخری دن اوورسیز پاکستانیوں کے لیے 15نکاتی پیکج کا اعلان کر دیا۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق وزیراعظم کے ایکس (ٹوئٹر) اکاﺅنٹ پر ان پندرہ نکات کی تفصیل بھی بیان کی گئی ہے جو مندرجہ ذیل ہے:۔
1’تمام صوبوں میں چیف سیکرٹریز اور اسلام آباد میں چیف کمشنر کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد کے مسائل کے حل کے لیے ہاٹ لائنز قائم کی جائیں گی۔‘
2’اسلام آباد اور پاکستان کے تمام صوبوں میں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد کے مسائل کو تیز رفتاری سے حل کرنے کے لیے مخصوص عدالتیں قائم کی جائیں گی۔‘
3’تمام پبلک سیکٹر ہاﺅسنگ سکیموں میں اوور سیز پاکستانیوں کے لیے 10فیصد کوٹہ مختص کیا جائے گا۔ اگر وہ ادائیگی غیرملکی کرنسی اور بینکنگ چینل کے ذریعے کرتے ہیں تو انہیں 5فیصد رعایت بھی دی جائے گی۔‘
4’پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن (پی او پی سی) کے کامیاب ماڈل کو دیگر تمام صوبوں میں بھی نقل کیا جائے گا۔‘
5’بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پہچاننے اور ان کی سہولت کے لیے ملک کے تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس پر مخصوص امیگریشن کاﺅنٹرز قائم کیے جائیں گے۔‘
6’سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مرتب کردہ ڈیٹا کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ٹاپ ٹین ترسیلات زر کو سراہنے کے لیے ایوارڈ کا اعلان کیا جائے گا۔‘
7’بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں قابل ذکر اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات یا کامیابیوں کے اعتراف میں ہالز آف فیم قائم کیے جائیں گے۔‘
8’سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز فار اوورسیز کی جانب سے پرکشش شرح کے ساتھ قومی بچت کی مخصوص سکیمیں متعارف کرائی جائیں گی۔‘
9’بیرون ملک سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں نادرا اور پاسپورٹ کی سہولت کے کاﺅنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔‘
10’بلیک لسٹ شدہ پاسپورٹس مقررہ وقت کے بعد خود بخود ڈی لسٹ ہو جائیں گے۔‘
11’وزارت خارجہ کے ذریعے دستاویزات کی آن لائن تصدیق کو مضبوط اور مزید مو¿ثر بنایا جائے گا۔‘
12’وزارت خارجہ کے کیمپ آفس پاکستان ان علاقوں میں قائم کیے جائیں گے جہاں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی زیادہ تعداد موجود ہے تاکہ دستاویزات وغیرہ کی تصدیق میں انہیں آسانی ہو۔‘
13’پنشن، بینک اکاﺅنٹس اور جائیداد کی خریدوفروخت کے لیے تارکین وطن کی آن لائن بائیومیٹرک تصدیق متعارف کرائی جائے گی۔‘
14’اوورسیز پاکستانیوں کو شادی، طلاق، پیدائش اور موت کے سرٹیفکیٹس جاری کرنے کے لیے نادرا کا نظام یونین کونسلوں سے منسلک ہو گا۔ ‘
15’اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کے لیے پبلک سیکٹر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں 5فیصد کوٹہ اور انہیں ضرورت اور میرٹ پر مبنی وظائف بھی دیئے جائیں گے۔‘
اپنے ایکس اکاﺅنٹ پر جاری پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ”اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مراعاتی پیکج کا اعلان انہیں بہتر خدمات اور مدد فراہم کرنے کے لیے ہماری حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس پیکیج کا مقصد پاکستان کے ساتھ ان کے تعلق کو مضبوط اور ملکی اداروں کے ساتھ ان کے روابط کو آسان بنانا ہے۔“
Load/Hide Comments