اٹک جیل میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے سیل میں ان کیلئے نیا واش روم تیا ر کر دیا گیا جس کی دیواریں پانچ فٹ بلند رکھی گئی ہیں جبکہ پرائیویسی کو مد نظر رکھتے ہوئے دروازہ بھی لگایا گیاہے ۔تفصیلات کے مطابق تر جمان محکمہ جیل کی جانب سے یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج اٹک شفقت اللہ خان نے جیل کا دورہ کیا اور انہوں نے عمران خان کے سیل کا بھی جائزہ لیا ، انہیں عمران خان کے سیل میں سہولیات سے متعلق شکایات موصول ہوئیں اور انہوں نے واش روم کی سہولت کی شکایت کو درست جانا ۔ترجمان محکمہ جیل کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں قید چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو پاکستان پریزنز رولز 1978 کے رول 257 اور 771 کے مطابق تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ عمران خان کے لئے انکے کمرے میں بروز ہفتہ نیا واش روم تعمیر کیا گیا ہے ، جس میں ویسٹرن کموڈ اور واش بیسن لگائے گئے ہیں۔ واش روم میں باتھ سوپ ، پرفیوم ، ائیر فریشنر ، تولیہ اور ٹیشو پیپر بھی موجود ہیں۔ واش روم کی دیواریں 5 فٹ اونچی رکھی گئی ہیں اور باتھ روم کو نیا دروازہ لگایا گیا ہے۔
عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں تین سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد انہیں لاہور سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا گیا ،
ترجمان کا کہنا ہے کہ چئیرمین پاکستان تحریک انصاف کے کمرے میں بیڈ ، تکیہ ، بیڈ میٹرس ، میز ، کرسی ، ائیر کولر ایگزیکٹ فین ، فروٹ ، شہد ، کھجوریں ، جائے نماز انگریزی ترجمے کے ساتھ قران مجید ااور مطالعہ کیلئے ایک درجن کے قریب کتابیں ، چائے تھرمس ، اخبار اور ٹیشو پیپر موجود ہیں۔ترجمان کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی منگل کے روز فیملی اور جمعرات کے روز وکلاءسے قانون کے مطابق ملاقات کرائی جاتی ہے۔عمران خان کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے پانچ ڈاکٹر تعینات کئے گئے ہیں۔ آٹھ گھنٹے ڈیوٹی پر ایک ڈاکٹر ہمہ وقت موجود رہتا ہے۔
Load/Hide Comments