نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے گلگت میں مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والے تمام عناصر کی بروقت نشاندہی اور ان کے خلاف سخت اقدامات لینے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت گلگت بلتستان کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کابینہ نے انہیں مختلف مسائل سے آگاہ کیا،گندم کی پیداوار پر سبسڈی کی عدم فراہمی کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔نگران وزیراعظم نے گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت کو وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے حکومتی سبسڈی پر انحصار کرنے کی بجائے مقامی قابلِ کاشت زمین کی زرعی استعداد کو مکمل طور پر بروئے کار لا کر خود انحصاری بڑھانے پر زور دیا.وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے تجاویز پیش کی گئیں، کابینہ نےوزیراعظم کو گلگت میں سرمایہ کاری اور کاروبار میں ترقی لانے کے لئے بھی تجاویز دیں۔وزیراعظم نے اجلاس میں متعلقہ حکام کو گلگت بلتستان کی معاشی بحالی کے لیے جامع حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ گلگت بلتستان کے بیشتر مسائل کا حل علاقے میں سرمایہ کاری سے منسلک ہے۔گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے،مذہب کے نام پر انتشار پھیلانا ناقابلِ برداشت ہے اور ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments