توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس ؛ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 12اکتوبر تک توسیع

احتساب عدالت نے توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 12اکتوبر تک توسیع کردی اورآئندہ سماعت پر گرفتاری سے قبل بشریٰ بی بی کو آگاہ کیا جاسکتا ہے یا نہیں؟ اس پر دلائل طلب کرلئے.نجی ٹی وی کے مطابق احتساب عدالت میں بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس، 190ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی،جج محمد بشیر کی عدالت میں بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ پیش ہوئے۔جج محمد بشیر نے وکیل لطیف کھوسہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ فریش فریش نظر آ رہے ہیں، لطیف کھوسہ نے کہاکہ نیب نے بیان دیا تھا کہ فی الحال بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں، نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے استعمال کیا گیا لفظ ’’فی الحال‘‘ پر مجھے اعتراض ہے ،لفظ فی الحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے ساتھ لایا ہوں،اگر گرفتاری پر مائنڈ سیٹ تبدیل ہوتا ہے تو پہلے عدالت کو آگاہ کرنا ضروری ہے،نیب باہر جاتی ہے کہتی ہے ہم نے فی الحال گرفتاری نہ کرنے کا کہا تھا،نیب کہتی ہے فی الحال کا وقت ختم ہو گیا ہے اس لئے گرفتار کرنا ہے۔
وکیل لطیف کھوسہ نے کہاکہ چودھری پرویز الٰہی کو لاہور ہائیکورٹ نے رہا کیا،لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا گیا، انصاف تک رسائی سے انکار نہیں کیا جاسکتا،جج محمد بشیر نے کہاکہ ان سے بیان لے لیتے ہیں کہ یہ بشریٰ بی بی کو گرفتار نہیں کرنا چاہتے،نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ اگر میرٹ پر درخواست ضمانت خارج ہو جائے تو گرفتار کیا جاسکتا ہے،لطیف کھوسہ نے کہاکہ گرفتاری سے قبل بشریٰ بی بی کو آگاہ کیا جائے میں اس نکتے پر عدالت کی معاونت کروں گا۔عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 12اکتوبر تک توسیع کر دی، عدالت نے گرفتاری سے قبل بشریٰ بی بی کو آگاہ کیا جاسکتا ہے یا نہیں؟ اس پر دلائل طلب کرلئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں