سندھ ہائیکورٹ نے پولیس کو پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی گمشدگی کا آج ہی مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے پولیس کو مقدمہ درج کرکے 18اکتوبر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی کراچی سے حراست میں لئے جانے کے بعد گمشدگی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ،بیرسٹر علی طاہر نے کہاکہ عدالت نے عثمان ڈار کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا،عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ عثمان ڈار کی گمشدگی کا مقدمہ درج کیوں نہیں کیا گیا؟بیرسٹر علی طاہر نے کہا کہ نگران وزیرداخلہ نے ٹاک شو میں اعتراف کیا کہ عثمان ڈار پولیس کی تحویل میں ہیں،اب پولیس کہتی ہے عثمان ڈار کو حراست میں نہیں لیا گیا،جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے کہاکہ پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے،مقدمہ درج ہوگا تو تحقیقات ہونگی، سب سامنے آجائے گا، عدالت نے پولیس کو آج ہی عثمان ڈار کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے 18اکتوبر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
