نواز شریف کو ضمانت ملنے کے امکانات روشن ہیں، رانا ثنا اللہ

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ضمانت ملنے کے امکانات روشن اور واضح ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے کیسز میں حفاظتی ضمانت لینے کا ارادہ ہے، ان کی حفاظتی ضمانت سے متعلق قانونی ٹیم نے تیاری کرلی ہے، نواز شریف خود پر لگے الزامات کا سامنا کریں گے، 16 ماہ کی مشکلات اور جو کچھ کیا وہ عوام کے سامنے رکھیں گے، ماضی میں بھی نواز شریف نے ملک کو بحران سے نکالا، نواز شریف نے ہمیشہ آخری حد تک کوشش کی کہ ملک کے حالات نہ بگڑیں، انہوں نے ہمیشہ ملک کی بہتری کیلئے کوشش کی ہے۔ عوام کی بڑی تعداد جلسے کی صورت میں نواز شریف کا استقبال کرے گی، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر کے کیس کی سماعت ہو چکی، جس میں ضمانت مل چکی ہے۔رانا ثنا نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنے غلط عزائم کی وجہ سے مشکلات میں ہیں، وہ کسی سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بن رہے، ان کے خلاف کریک ڈاؤن 9 مئی کے واقعات کے بعد ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں