برطانیہ میں شراب کے نشے میں دھت ہو کر ’طلاق‘ کا جشن منانے اور گاڑی کا ایکسیڈنٹ کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق 39سالہ ڈیبورا پیپلو نامی یہ خاتون3 بچوں کی ماں ہے، جس کی حال ہی میں اپنے شوہر سے طلاق ہوئی ہے۔
برطانوی قصبے ہومز شیپل سے تعلق رکھنے والی ڈیبورا کا شوہر ایک کاروباری شخص تھا، چنانچہ طلاق کے تصفیے میں خاتون کو کافی دولت ہاتھ آئی۔ تصفیہ ہوجانے پر خاتون شراب کے نشے میں دھت اپنے ’رینج روور‘ پر جا رہی تھی کہ اس نے ایک جگہ گاڑی دیوار کے ساتھ ٹکرا دی۔ ٹیسٹ میں معلوم ہوا کہ ڈیبورا نے ڈرائیونگ کے لیے مجوزہ حد سے 3 گنا زیادہ شراب پی رکھی تھی۔ اس نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ اپنی طلاق کا جشن منا رہی تھی۔ اس دوران اس نے شراب پی اور اسی حالت میں گاڑی نکال لی۔پولیس نے ڈیبورا کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا جہاں جج نے اس کے گاڑی چلانے پر 2سال کی پابندی عائد کرتے ہوئے اسے 200پاﺅنڈ جرمانے کی سزا سنا دی۔
