جہاز میں شدید جھٹکوں اور ہچکولوں کے سبب 11مسافر زخمی

جہاز میں شدید جھٹکوں اور ہچکولوں کے سبب 11مسافر زخمی

شدید جھٹکوں اور ہچکولوں کے سبب اٹلی سے امریکی ریاست جارجیا جانے والی ڈیلٹا ایئرلائنز کی ایک پرواز کے 11مسافر زخمی ہو گئے۔میل آن لائن کے مطابق اس پرواز میں 151مسافر اور عملے کے 14افراد سوار تھے، جو اس قدر ٹربیولنس کا شکار ہوئی کہ مسافروں کو موت اپنی آنکھوں کے سامنے نظر آنے لگی اور پورے طیارے میں چیخ و پکار شروع ہو گئی۔متعدد مسافروں کے سر ادھر ادھر ٹکرانے سے پھٹ گئے اور ان کا خون بہہ نکلا۔ رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں مسافروں کے علاوہ عملے کے افراد بھی شامل ہیں۔ پرواز کے لینڈ کرنے پر گیارہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچایا گیا جبکہ باقی مسافروں کو ایئرلائنز کی طرف سے ہوٹل میں رہائش دی گئی۔پرواز میں سوار ایک میاں بیوی نے فوکس 5سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ”ٹربیولنس اتنی شدید تھی کہ ہمیں لگاجیسے طیارہ ابھی زمین پر گر کر تباہ ہو جائے گا۔ اس دوران ہر مسافر اور عملے کے فرد کے چہرے پر خوف نمایاں تھا۔ متعدد مسافر سر پھٹنے سے لہولہان تھے۔ “ رپورٹ کے مطابق خوفناک ٹربیولنس کے باوجود پرواز بحفاظت ہرٹس فیلڈ جیکسن اٹلانٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی۔ پرواز میں یہ افراتفری اس وقت مچی جب طیارہ ایئرپورٹ سے 40میل کے فاصلے پر تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں